کاروار،13؍مارچ (ایس او نیوز) کورونا کی دوسری لہر نے ساحلی اضلاع میں دستک دی ہے جس کے بعد جنوبی کینرا، اڈپی اور شمالی کینرا جیسے میں مہاراشٹرا ار کیرالہ سے آنے والے مسافروں کے پیش نظرسخت چوکسی برتی جارہی ہے۔
ضلع شمالی کینرا میں جمعہ کے دن کورونا کے 15 تازہ معاملات سامنے آئے۔ یہ ضلع میں کورونا دوسرے مرحلہ کی سب سے بڑی تعداد ہے، کیونکہ گزشتہ دو مہینوں سے متاثرین کی تعداد روزانہ 2 سے آگے نہیں بڑھی تھی۔ ان تازہ 15 پندرہ معاملات میں سے 9 معاملات ضلع ہیڈ کوارٹر کاروار ہی میں سامنے آئے ہیں۔ کمٹہ اور یلاپور سے ایک ایک اور منڈگوڈ، جوئیڈا سے دو دو معاملے پوزیٹیو نکلے ہیں۔
اس وقت ضلع میں اب تک متاثرہونے والوں کی تعداد 14772 ہوگئی ہے۔ 22 مریض اپنے گھروں میں اور 12 مریض اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر شرد نائیک نے بتایا کہ کاروار اور منڈگوڈ میں کورونا متاثرین کی تعداد سامنے آرہا ہے اور اس میں دیگر ریاستوں سے اور بالخصوص کیرالہ اور مہاراشٹر سے آنے کی تعداد زیادہ ہے۔ جمعہ کے دن کاروار میں جو پوزیٹیو کیس ملے ہیں وہ بحری اڈہ کے احاطے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ضلع میں ابھی صورت حال پوری طرح قابو میں ہے اور محکمہ صحت نے ہر جگہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرائی کی ہدایت جاری کی ہیں اور چوکسی بڑھا دی ہے۔